پاکستان نے افغانستان سے اشیائے خورونوش کی درآمدات روک دی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) افغانستان سے تمام اشیائے خورونوش بالخصوص پھل اور سبزیوں کی درآمدات روک دی گئی۔ کسٹم حکام نے درآمدکنندگان سے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحد پر کسٹم کی کلیئرنس کے لیے پلانٹ پروٹیکشن کوارنٹائن سرٹیفکیٹ پیش کریں۔ رپورٹ کے مطابق اس سرٹیفکیٹ کی شرط کی وجہ سے افغانستان کی طرف سرحد کے اس پار تازہ سبزیاں اور پھل لے جانے والی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں کیونکہ کسی بھی گاڑی کے پاس افغانستان کی عبوری حکومت کی جانب سے جاری کردہ مذکورہ سرٹیفکیٹ نہیں تھا۔ کسٹم کے کلیئرنگ ایجنٹ کا اس حوالے سے پاکستانی کسٹم حکام سے سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اور انہوں نے شکایت کی اس حوالے سے انہیں پہلے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم کسٹم حکام کا مو¿قف ہے کہ افغانستان سے خام کپاس کی درآمدات پر یہ قانون چند سال قبل لاگو کردیا گیا تھا۔ تازہ پھل اور سبزیوں کے درآمدکنندگان اس صورتحال پر برہم ہیں اور کلیئرنگ ایجنٹس نے اس سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور بارڈر پوائنٹ پر جانے والے کسٹم روڈ کو کچھ وقت کے لیے بند کردیا۔ یہ معاملہ رات گئے تک حل نہ ہو سکا جہاں ٹرانسپورٹرز اور درآمدکنندگان اسلام آباد میں موجود حکام کے مثبت جواب کے منتظر رہے۔


