اصغر خان اچکزئی کو موت کی دھمکی کے پیغامات قابل مذمت وتشویشناک ہیں، پشتونخوامیپ
کوئٹہ(یو این اے )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کو موت کی دھمکی کے پیغامات قابل مذمت اور انکی زندگی کو لاحق خطرات انتہائی تشویشناک ہے، پشتون سیاسی رہنماں کو اپنے سیاسی مقف سے دستبردار کرانے کیلئے خودکش حملوں، بم دھماکوں اور موت کے پیغامات کا سلسلہ اگر نہ روکا گیا تو اسکے بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز اعظم خان اچکزئی، حیات خان اچکزئی، حضرت علی اچکزئی، نسیم خان اچکزئی، جانان خان کاکڑ، نصیب خان اچکزئی اور صادق خان اچکزئی نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے وجود میں آنے کے بعد پشتون افغان کی اجتماعی زندگی مسلسل زوال پذیری کی جانب گامزن ہے اور یہاں ہماری قوم کو سیاسی، معاشی ثقافتی اور ہر قسم کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اور اب تو المیہ یہ ہے کہ سیاسی رہنماں کو حق اور سچ بات کہنے پر ٹارگٹ کلنگ، خودکش دھماکوں، بم حملوں اور موت کی دھمکیوں کے پیغامات جیسے غیر انسانی اور غیر قانونی حربوں کے ذریعے دستبردار کرایا جا رہا ہے جو انتہائی قابل مذمت اور تشویشناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی ان مذموم سازشوں اور کوششوں کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ اسٹبلشمنٹ ہوش سے کام لیکر ریاستی سیکورٹی اداروں کے ذریعے سیاست میں مداخلت اور حقیقی سیاسی رہنماوں کو بلیک میل کرنے جیسے گھناونے اور عوام دشمن اقدامات سے اجتناب کریں بصورت دیگر ان منفی ہتھکنڈوں کے ایسے خطرناک نتائج برآمد ہونگے جو کسی کے وہم وگمان میں بھی نہیں ہوگا۔


