ملزمان کی گرفتاری کے وقت طریقہ کار اختیار نہ کرنے پر جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے وقت طریقہ کار اختیار نہ کرنے پر جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق ندیم نے 9صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق طریقہ کار کے تحت ریمانڈ پیپر تیار نہ کرنے پر ڈی پی او بہاولپور، ایس ایچ اوز اور تفتیشی پر 5روز میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے کسی بھی ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کے لیے نئے اصول وضع کردیئے۔عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ کے لیے ضمنی میں صفحے کے آخر پر سیریل نمبر اور ایف آئی آر نمبر درج ہونا چاہیے، ملزم کے خلاف کیس ڈائری باقاعدہ رجسٹرڈ ہو جس پر متعلقہ ایس ایچ او کے دستخط ہوں، ملزم کے خلاف ایف آئی آر پر بھی سیریل نمبر درج ہو اور روزنامچہ میں بھی اسی روز اندراج ہو۔عدالت نے تحریری فیصلے میں مزید لکھا کہ پولیس رولز میں لکھی ہدایات کے مطابق ریمانڈ پیپر تیار کیا جائے، چالان پر بھی سیریل نمبر کا اندراج لازمی ہونا چاہیے، جسٹس طارق ندیم نے اس حوالے سے پولیس، اینٹی کرپشن ،ایف آئی اے کو احکامات جاری کردئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں