علماو مشائخ کی آرمی چیف سے ملاقات، افغان سرزمین سے پاکستان میں تخریب کاری پر اظہار تشویش
راولپنڈی (پ ر) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے ملک کے مرکزی علما و مشائخ نے ملاقات کرکے انتہاپسندی کے خلاف اقدامات کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے افغان سرزمین سے پاکستان میں آنے والی تخریب کاری پر تشویش کا اظہار کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام مکاتب فکر کے نمائندہ علما و مشائخ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔بیان میں کہا گیا کہ ’علما و مشائخ نے متفقہ طور پر انتہاپسندی، تخریب کاری اور فرقہ واریت کی مذمت کی اور ریاست اور فوج کی ملک میں برداشت، امن اور استحکام کے لیے انتھک کوششوں کی حمایت جاری رکھنے اعادہ کیا‘۔ملاقات کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ علما و مشائخ نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا دین ہے اور مخصوص حلقوں کی جانب سے اپنی مفادات کے لیے دین میں ردوبدل اور غلط تشریح کی گئی تو اس کا اسلام کی تعلیمات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔


