بلوچستان عوامی پارٹی کے سنیئر ساتھی ناراض ہیں، تین روزہ کنونشن بلایا جائے،کریم نوشیروانی
کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے سنیئر نائب صدر سابق صوبا ئی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سنیئر ساتھی ناراض ہیں پارٹی صدر و وزیراعلیٰ جام کمال خان اور پارٹی کے جنرل سیکرٹری سینیٹر منظور کاکڑ جلد از جلد پارٹی کا تین روزہ کنونشن بلائیں جس میں ناراض رہنماؤں سے بات چیت کرکے انہیں منایا جائے،اونٹ پہاڑ کی جانب چل پڑا ہے اگر یہ بائیں کروٹ بیٹھا تو ملک میں جمہوریت کا نام نشان نہیں ہوگا، بی اے پی کی آخری امید وزیراعلیٰ جام کمال خان ہیں اگروہ کامیاب ہوگئے تو اگلے الیکشن میں ایک بار پھر بی اے پی برسر اقتدار آئیگی،پارٹی کے سنیئر ساتھی ٹرین کے آخری ڈبے میں بیٹھے وظیفے کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرارت کو پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سنیئر ساتھی اور رہنماء ناراض ہیں وزیراعلیٰ جام کمال خان اور سینیٹر منظور کاکڑ جلد از جلد تین روزہ کنونشن بلا کر پارٹی رہنماؤں کے گلے شکوے دور کریں اور انہیں منائیں، انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان اور بلوچستان کے مستقبل کی ترقی کی سوچ رکھتے ہیں انہیں وقت نہیں دیا جاتا بی اے پی کے سنیئر ساتھی اور رہنماؤں گھروں اور ٹرین کے آخری ڈبوں میں بیٹھے وظیفے اور دعائیں کر رہے ہیں کہ اللہ تعالی انکی پکار سن لے، پارٹی صدر و وزیراعلیٰ جام کمال خان خاندانی سیاستدان اور ترقی کی سوچ رکھتے ہیں انہیں ناراض لوگوں کو ٹریک پر لانا چاہیے حالات کا کچھ بھی بھروسہ نہیں ہے آج جام کمال خان بر سر اقتدار ہیں انہیں چاہیے کہ وہ لوگوں کو ساتھ لیکر چلیں جب اقتدار نہیں ہوگا تو کوئی کسی کو نہیں پوچھتا انہوں نے کہا کہ جام کمال خان بلوچستان کی جنگ لڑ رہے ہیں بلوچستان عوامی پارٹی کی امیدیں جام کمال خان سے وابسطہ ہیں اگر وہ کامیاب ہوئے تو اگلے الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی ایک بار پھر بر سراقتدار ہوگی اگر جام کمال خان ناکام ہوئے تو وہ آئندہ الیکشن میں سیاسی مورچے میں ہونگے اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ اسلام آباد میں اللہ اللہ کر رہے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ اونٹ پہاڑ کی جانب چل پڑا ہے اگر یہ بائیں کروٹ بیٹھا تو ملک میں جمہوریت کا نام ونشان نہیں ہوگا کیونکہ ملک میں آخری سیاستدان عمران خان تھے ان سے پہلے کے تمام لوگ کیسوں میں پھنسے ہوئے ہیں


