مزدوروں کے حقوق کیلئے ملازمت چھوڑی، منتخب ہوا تو بھرپور آواز بنوں گا، پی پی امیدوار
کوئٹہ (آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے حلقہ این اے 262 ون سے نامزد امیدوار حاجی محمد رمضان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے مزدور طبقے کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے ملک بھر کے مزدوروں کی ایوان زیرین میں موثر آواز بنوں گا یہ بات ا نہوں نے بدھ کو حلقہ پی بی 38 ون سے نامزد امیدوار حاجی عبدالشکور کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی اس موقع پر پارٹی بلوچستان کے میڈیا کوارڈینیٹر حیات خان اچکزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی محمد رمضان اچکزئی نے کہا کہ میں نے 38 سالہ ٹریڈ یونین کی سیاست کرکے مزدور طبقے کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے میری کوشش ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے ملازمین کو ا یک فورم پر اکٹھا کرکے ایوان زیرین میں ان کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کروں میں نے مزدوروں کے حقوق کے حصول کے لئے 10 سال قبل ملازمت سے ریٹائرمنٹ لی لیکن مزدوروں کی نمائندگی نہیں چھوڑی کیونکہ میں نے اپنی مدت ملازمت اور ٹریڈ یونین میں رہتے ہوئے مزدور طبقے کے مسائل کو قریب سے دیکھا ہے اور ان کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا اس لئے قومی اسمبلی کے حلقہ سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا پاکستان پیپلز پارٹی جوکہ ملک کے متفقہ آئین کی خالق ہے آئین پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملک میں بسنے والے تمام طبقات کو مسائل سے چھٹکارا دلایا جاسکتا ہے اور اسی جماعت نے جو مزدور طبقے کی حامی ہے اس نے مجھے حلقہ این اے 262 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 38 حاجی عبدالشکور کو ٹکٹ دیکر مزدور یونین کے نمائندوں کو انتخاب لڑنے کا موقع فراہم کیا ہے ہماری کوشش ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین اور مزدور یونینز کے حقیقی نمائندوں کو کوئٹہ سے قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی کی 9 نشستوں سے انتخابی عمل میں حصہ دار بنایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 16 ماہ اور اس سے قبل کے غلط فیصلوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھی اور عوام کے لئے مشکلات پیدا ہوئی انہی مشکلات سے چھٹکارا دلانے کے لئے ہم انتخابی میدان میں اترے ہیں۔


