رات کی تاریکی میں ہزاروں ووٹوں پر ٹھپے لگا دیے گئے، نتائج قبول نہیں، نصیب اللہ مری
کوہلو (نامہ نگار) انتخابی نتائج میں تبدیلی کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کاکوہلو شہر میں احتجاج۔شرکاءنے انتخابی نتائج میں ردوبدل کرنے پرریٹرننگ آفیسر پی بی 09کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار میر نصیب اللہ مری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہلوکے انتخابی میں نتائج میں تبدیلی کرکے عوامی مینڈیٹ کو چرایا گیا،70پولنگ اسٹیشنز میں مجھے واضح برتری حاصل ہے۔ 4 پولنگ اسٹیشنز میں 96 فیصد ووٹ کاسٹ کرکے نتیجہ تبدیل کیا گیا ہے ۔ میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق ان 4 پولنگ اسٹیشنز میں ن لیگ کے امیدوار کو 108 ووٹ ملے ہیں،جہاں 108 ووٹ کاسٹ ہوئے وہاں 5 ہزار سے زائد ووٹ رات کی تاریکی میں لگائے گئے۔ حلقے میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی ہے، عوامی مینڈیٹ کا ہر سطح پر تحفظ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ آر او اور پریذائیڈنگ نے مل کر نتیجہ تبدیل کر لیا ہے، عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے، چوتھے نمبر کے امیدوار کو پہلے نمبر پر لاکر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔


