ایاز صادق سے ملاقات، ایرانی سفیر کا آپس میں مواقعوں سے استفادہ کرنے پر عزم
اسلام آباد (انتخاب نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے ملاقات کی ، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ایرانی سفیر نے سردار ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ایرانی سفیر نے سپیکر سردار ایاز صادق کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ، دوستانہ اور تاریخی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں برادر ممالک مذہب، اخوت، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین قریبی رابطوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، پارلیمانی رابطے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم اہم کردار ادا کریں گے، پاک ایران گیس پائپ لائن پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لئے تمام متعلقہ مسائل کا حل وقت کی اہم ضرورت ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور د یا اور کہا کہ ایران اور پاکستان کو جغرافیائی محلِ وقوع کی بدولت علاقائی اور عالمی تجارت کے فروغ کے لئے منفرد مقام حاصل ہے، پاک-ایران سرحد کی دونوں جانب بسنے والے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں موجود مواقعوں سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں، ایرانی حکومت پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہاں ہے، ایرانی صدر کے متوقع دورہ پاکستان سے دونوں ممالک میں اقتصادی شعبے سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔


