ایتھوپیانے پی آ ئی اے کو واچ لسٹ پر ڈال دیا، کرکٹ ٹیم افغان ائیرلائن پر سفر کر رہی ہے، قادر پٹیل
اسلام آباد:قومی اسمبلی میں عزیر بلوچ سے متعلق جے آئی ٹی پر ایک بار پھر ہنگامہ آرائی،پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل کو بولنے کی اجازت نہ دینے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور قادر، قادر کے نعرے لگائے تو دوسری جانب حکومتی ارکان نے جواب میں قاتل، قاتل کے نعرے لگا دئیے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ایوان میں میری غیر موجودگی میں غیر مصدقہ،غیر تصدیق شدہ الزامات پر مبنی پلندے پڑھے گئے،بار بار مجھ پر سنگین الزامات لگائے گئے، ایسا معاملہ جو عدالت میں زیر سماعت ہے یہاں لایا گیا، اس حکومت کی نااہلی اور نالائقی پر بات کل بھی کرتا تھا اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا،20 سے زائد وزرراء اعظم آئے، سب سے زیادہ اپنی بات سے مکر جانیوالے اور یو ٹرن لینے والا وزیر اعظم کون سا ہے۔پیر کو قومی اسمبلی کااجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل نے وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے جے آئی ٹی رپورٹ پڑھنے کے معاملہ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں میری غیر موجودگی میں غیر مصدقہ،غیر تصدیق شدہ الزامات پر مبنی پلندے پڑھے گئے،سپیکر صاحب آپ نے غیر تصدیق شدہ الزامات کے پلندے پڑھنے کی اجازت دی، بار بار مجھ پر سنگین الزامات لگائے گئے، ایسا معاملہ جو عدالت میں زیر سماعت ہے یہاں لایا گیا، آپ ہمارے بھی کسٹوڈین ہیں، اگر آپ غیر جانبدار اسپیکر ہیں تو مجھے جواب کیلئے 5 منٹ دیں، قواعد سے انحراف نہیں کروں گا،مجھ پر سنگین الزامات لگائے گئے، زیر سماعت مقدمے کے کاغذات میرے خلاف پڑھے گئے،الزام تراشی کی گئی، اتنے الزامات لگائے گئے،اپنی صفائی پیش کرنا میرا بھی حق ہے، ایک شخص پر ایوان میں دنیا جہان کے الزام لگ گئے، میں اس حکومت کی نااہلی اور نالائقی پر بات کرتا ہوں، کل بھی کہا،ہمیشہ کہتا رہوں گا،20 سے زائد وزرراء اعظم آئے، سب سے زیادہ اپنی بات سے مکر جانیوالے اور یو ٹرن لینے والا وزیر اعظم کون سا ہے۔سپیکر اسد قیصر نے عبدالقادر پٹیل کو وزیر اعظم سے متعلق بات کرنے سے ٹوکتے رہے اور کہا کہ صرف ذاتی وضاحت کریں، سپیکر نے قادر پٹیل کا مائیک بند کر وا دیا اور عبدالقادر پٹیل کا رویہ اخلاقیات کے منافی قرار دیا، سپیکر نے کہاکہ کیا آپ اپنی ذاتی وضاحت دے رہے ہیں۔ یہ توآپ سیاسی تقریر کر رہے ہیں۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ آج ایتھوپیا نے پی آئی اے کو واچ لسٹ میں ڈال دیا ہے، آپ کی کرکٹ ٹیم افغان ائیر لائن پر سفر کر رہی ہے، اس دوران اسپیکر نے عبدالقادر پٹیل کا مائیک بند کرتے ہوئے سید فخر امام کو فلور دے دیا،تو عبدالقادر پٹیل کو روکنے پر اپوزیشن نے احتجاج شروع کر دیا،اس دوران ایوان میں اپوزیشن نے نعرہ بازی بازی کی اور شور شرابہ کیا،سپیکر نے کہا کہ میں ایسا نہیں کرنے دوں گا۔ راجہ پرویز اشرف صاحب یہ طریقہ درست نہیں،راجہ صاحب یہ اخلاقیات کے خلاف ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے عبدالقادر پٹیل کو بولنے کی اجازت نہ دینے پر قادر قادر کے نعرے لگائے گئے جبکہ حکومتی ارکان کی طرف سے جواب کے طور پرقاتل قاتل کے نعرے لگائے گئے۔


