لڑکی کی قابل اعتراض تصاویر شیئر کرنے کا معاملہ، ضمانت مسترد، ملزم نے سنگین جرم کیا،ہائیکورٹ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ میں ملزم حسیب کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، ملزم نے لڑکی کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری کی زیر صدارت ہوئی، عدالت نے ملزم کی ضمانت مسترد کرنے کا 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی جائزہ رپورٹ کے مطابق ملزم نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا، فیصلے میں کہا کہ ملزم نے لڑکی کی تصاویر فیس بک پر اپلوڈ کیں، معاشرے میں یہ جرم بہت عام ہو گیا ہے، تعلق میں ہوتے ہیں تو لڑکیاں اپنی قابل اعتراض تصاویر لڑکوں کو بھیج دیتی ہیں، تعلق ٹوٹنے پر لڑکے تصاویر فیس بک پر اپلوڈ کردیتے ہیں۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یہ تصاویر لڑکیوں کے لیے زندگی بھر کا دھبہ بن جاتی ہیں، اکثر کیسز میں لڑکیوں نے خودکشی بھی کی، ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔


