الیکشن میں ایک بھی سیٹ نہ جیتنے والی جماعت مخصوص نشستوں کی اہل نہیں، پشاور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور ہائیکورٹ کے 5رکنی لارجر بینچ نے 14مارچ کو مختصر فیصلہ سنایا تھا جس کے بعد اب ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے 30صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کا مخصوص نشستوں کی تقسیم کا فیصلہ آرٹیکل 51کے مطابق ہے اور ہائیکورٹ کے پاس صوبے تک مخصوص نشستوں کے کیسز سننے کا اختیار ہے، الیکشن میں حصہ لینے والی سیاسی جماعت کا مخصوص نشستوں پر حق ہوتا ہے لیکن جنرل الیکشن میں ایک بھی سیٹ نہ جیتنے والی جماعت مخصوص نشستوں کی اہل نہیں، یہ دلیل کہ مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو نہیں دی جاسکتیں غیرآئینی ہے، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کو آئینی طریقے سے تقسیم کیا۔ عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار نے اعتراض کیا کہ مخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں میں تقسیم نہیں ہوسکتیں، سنی اتحاد کونسل خواتین کی مخصوص نشستوں کی حق دار نہیں، مقررہ وقت گزرنے کے بعد مخصوص نشست کی لسٹ جمع نہیں کرائی جاسکتی، اس لئے درخواست خارج کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں