گیس قیمت بڑھانے پر آئی ایم ایف کا دباﺅ نہیں، ٹیرف بڑھائے بغیر کمپنیاں بند ہو جائیں گی، اوگرا
لاہور(انتخاب نیوز)چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین مسرور احمد خان نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر سماعت کی، چیئرمین نے دوران سماعت کہا کہ گیس کی قیمت بڑھانے کیلئے آئی ایم ایف کا دباﺅ نہیں، ٹیرف بڑھانا مجبوری ہے ورنہ گیس کمپنیاں بند ہو جائیں گی، چیئرمین اوگرا نے مزید کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ آئی ایم ایف دباﺅ پر گیس کی قیمت بڑھائی جا رہی ہے، یہ درخواست کمپنیوں کے اخراجات اور سرکلر ڈیٹ بڑھنے کی وجہ سے آئی ہے اور اس پر ہمارے ماہرین غور کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ ضروری نہیں سارا اضافہ کریں تاہم جو بھی اضافہ ہوا وہ جولائی سے لاگو ہوگا، پہلے ہی گیس کئی سو گنا مہنگی کی جاچکی ہے، عام آدمی، کمرشل اور صنعتی صارفین موجودہ گیس بل دینے کے قابل نہیں رہے، گیس استعمال کرنے والے کنکشن کٹوا رہے ہیں۔یاد رہے کہ گیس کی قیمتوں میں سوئی نادرن کی جانب سے مزید 150فیصد اضافے کی درخواست جمع کرائی گئی ہے باوجود اسکے کہ ایک سال کے دوران دو مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے۔


