انجمن تاجران کی سفارشات سے وزیراعلی کو آگاہ کرکے حتمی فیصلہ کرینگے،ضیا ء لانگو

کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور حکومت چاہتی ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کو جامع و مربوط حکمت عملی کے ساتھ جاری رکھا جائے کوروناوائرس سے متاثر ہونے والے تمام طبقات کو ریلیف فراہم کی جائیگی۔انجمن تاجران کی سفارشات سے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان آگاہ کرکے حتمی فیصلہ کرینگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹرمنظور احمدکاکڑ،انجمن تاجران بلوچستان رحیم آغاکی قیادت میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے سول سیکرٹریٹ محکمہ داخلہ کانفرنس روم میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط نے سمارٹ لاک ڈاؤن اور تاجر تنظیموں کے تحفظات دور کرنے کے حوالے سے ہونے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ معاشی ترقی میں تاجربرادری انتہائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے، بالخصوص صوبہ کے تاجر وں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے،کورونا وائرس عالمی وبابن چکی جس سے پاکستان بھی شدید متاثر ہورہا ہے اس ضمن میں انتہائی مجبوری میں سخت فیصلے کرنے پڑے ،انہوں نے کہاکہ،وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کو عام آدمی کا احساس ہے آج ایک طرف کورونا وائرس تو دوسری جانب غربت و افلاس ہے ہم چاہتے ہیں کاروباری سرگرمیوں کو جامع و مربوط حکمت عملی کے ساتھ جاری رکھا جائے۔ وزیر داخلہ نے تاجروں پر زور دیا کہ آپ مختلف شعبوں کے لئے احتیاطی تدابیر پر مشتمل ایس او پی بنا کر دیں تاکہ اس کی روشنی میں بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔حکومت کوروونا سے متاثر ہونے والے ہر طبقے کو ریلف فراہم کرے گی جس کی ایک مثال احساس پروگرام ہے۔حکومت کو ہوٹل،اور اوقات کار کی وجہ سے پیدا ہونے والی تمام مشکلات کا ادراک ہے تاجر برادری کو ریلف فراہم کرنے اور معشیت کا پہیہ چلانے کے لیے لاک ڈان میں نرمی کیلئے مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔ وفد کے سربراہ رحیم آغا نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث کاروبار زندگی لاک ڈاؤن کی نظر ہوگیا ہے اس صورتحال میں تاجروں کو معاشی دشواریوں کا سامنا ہے۔جس پر صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ انجمن تاجران کی سفارشات سے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان آگاہ کرکے حتمی فیصلہ کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں