لاپتا افراد کے خاندانوں کے غم میں شریک ہیں، عید کے پہلے روز احتجاجی ریلی نکالیں گے، بی وائے سی کراچی
کراچی (پ ر) بلوچ یکجہتی کمیٹی (کراچی) کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ان غمزدہ خاندانوں کے درد کے احساس کو محسوس کرتے ہوئے کراچی میں بی وائی سی (کراچی) اور وی بی ایم پی عید کے پہلے دن مشترکہ ریلی کا انعقاد کا اعلان کرتے ہیں۔ لاپتہ افراد کے لواحقین کی زندگیوں میں یہ عیدیں بس فقط نام کی ہیں اور درحقیقت عید جیسی خوشیوں کے دنوں میں ان لواحقین کا درد مزید شدت اختیار کرتا ہے۔ عید کا دن دنیا میں خوشی کا تہوار ہے لیکن بلوچ اس دن بھی اپنا درد دنیا کو بتانے نکلیں گے جو کہ انتہائی تکلیف کا باعث ہے اور بطور قوم سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔ بلوچ لاپتہ افراد بلوچ قوم کے لئے بطور قوم انتہائی سنگین مسئلہ ہے، جسے اداروں کو حل کرنا چاہیے لیکن بجائے حل کرنے کے ادارے لاپتہ افراد کے خاندانوں پر الزام لگا کر اور ان کو مزید ہراساں کر کے اپنی ہی ساخت پر سوال اٹھوا رہے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سمی دین اپنے بابا دین محمد کے بغیر بڑی ہوگئی اور سیما اب تک اپنے بھائی کے لئے در در دھکے کھا رہی ہے۔ بلوچوں کے پاس ہزاروں سمی اور سیما ہیں، جنہیں شاید ہم اور آپ نہیں جانتے، جنہیں شاید ڈرا دھمکا کر چپ تو کروا دیا جاتا ہے لیکن یہ انسانیت کیخلاف عمل بند نہیں ہوتا اور اس کی واضح مثال لیاری میں اغوا نما گرفتاری کے خاندان ہیں جو اپنے پیاروں کی واپسی کے لیے کوشش تو کررہے ہیں لیکن میڈیا پر آنے اپنی بات رکھنے سے ڈرتے ہیں اور یہ ڈر انہیں دیا گیا ہے۔ یہ خوف ان میں ڈالا گیا ہے۔ ہم مسنگ پرسنز کے خاندانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ نکلیں اپنے پیاروں کے لیے آواز اٹھائیں اور اداروں کو جھنجھوڑیں کہ کہاں ہے ہمارے پیارے اور عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائیں۔ اپنے لئے کوشش کریں، اپنے پیاروں کی واپسی کے لئے جدوجہد کریں کیونکہ واحد حل مزاحمت ہی ہے۔ کراچی میں ہونے والی ریلی عید کے پہلے دن بوقت سہ پہر3:30 بجے شاہین کمپلیکس تا کراچی پریس کلب منعقد کی جائے گی۔ ہم تمام طبقہ فکر کے لوگوں اور انسان دوستوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس ریلی میں شرکت کرکے انسان دوستی کا ثبوت دیں۔


