عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاﺅنڈ کیس میں 9 گواہوں کے بیانات ریکارڈ

راولپنڈی (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاﺅنڈ کیس میں آج مزید 9 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے۔ احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاﺅنڈ اسکینڈل ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود رہے اور ان کی جانب سے وکلا ظہیر چوہدری، عثمان گل اورعلی ظفر پیش ہوئے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹرنیب مظفرعباسی اور پراسیکیوٹر امجد پرویزعدالت میں پیش ہوئے۔ نیب کی جانب سے آج مزید 9 گواہان کو پیش کیا گیا اور بیانات ریکارڈ کیے گئے جس کے بعد مجموعی طورپرنیب کے15 گواہان کے بیانات قلمبند ہوگئے اور 13 پرجرح مکمل ہوگئی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے طبی معائنے کی درخواست دائرکی گئی جس پر عدالت نے ڈاکٹرعاصم یونس سے بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ کل 18 اپریل دن 12 بجے تک بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرایا جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید 6 گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں