عمران خان ڈیل نہیں کریں گے، پاکستان کے مالک صرف سویلین ہیں، عارف علوی
سیالکوٹ (انتخاب نیوز) سابق صدر اور تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مالک صرف سویلین ہیں، اس وقت نظریں عدلیہ کی طرف ہیں، 6 ججز نے آواز اٹھائی ہے۔ سیالکوٹ میں ڈسٹرکٹ بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدرعارف علوی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ میرا واسطہ بہت پرانا ہے، ان سے پوچھا کہ ہم بندگلی میں تو نہیں چلے گئے؟ تو انہوں نے جواب دیا راستہ نکلے گا۔ عارف علوی نے کہا کہ جب کوئی بندگلی میں چلاجائے تو معاملات تباہی کی طرف جاتے ہیں، سیاسی جماعت اس لیے بناتے ہیں کہ راستہ نکلتا ہے، عمران خان اس لیے کہتے ہیں آئین کے بغیر کوئی راستہ نہیں، وہ کہتے ہیں کہ بات چیت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں اور بات چیت حل ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کے مالک صرف سویلین ہیں، حقیقی آزادی خوداری سے ملتی ہے، عمران خان جیل میں رہے گا مگر ڈیل نہیں کرے گا، کراچی کے تاجروں نے کہا قیدی نمبر 804 سے بات کریں، ملک میں عبوری بحران ہے جو ختم ہوجائے گا۔ 9 مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ساری پارٹی کو کیوں سزا دی جارہی ہے؟ 9 مئی میں جو لوگ ملوث تھے اس کی تحقیقات ہونی چاہیے مگر کبھی یک طرفہ فیصلہ نہ کریں، ہمارے پاس 9 مئی کے ثبوت ہیں، پاکستان میں حادثاتی جمہوریت بنی ہے، شرم کی بات ہے دو کروڑ سے اوپر بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ عارف علوی نے کہا کہ اس وقت نظریں عدلیہ کی طرف ہیں، 6 ججز نے آواز اٹھائی ہے، ہمیں معلوم ہے مختلف بار ایسوسی ایشنز میں انتشار کی شرارت ہو رہی ہے۔


