پاکستان میں ٹڈیوں کی افزائش ہو رہی ہے، اقوام متحدہ

اسلام آباد:اقوام متحدہ کی خوراک اور زراعت کی تنظیم (ایف اے او) نے بتایا ہے کہ تھرپارکر، نارا اور چولستان کے صحرائی علاقوں میں صحرائی ٹڈیوں کی افزائش کا آغاز ہوگیا ہے جس کی رواں ماہ کے آخر تک نسل بڑھے گی اور قیام میں اضافہ ہوگا۔شمالی صومالیہ میں ٹڈیوں کے جھنڈ سے متعلق نئی رپورٹ کے مطابق بحر ہند کے پار صومالیہ سے بھارت۔پاکستان سرحد کے دونوں اطراف موسم گرما کے افزائش والے علاقوں میں ہجرت بہت جلد ہوسکتی ہے۔ایف اے او کے مطابق آئندہ ہفتوں میں صومالیہ میں مزید جھنڈ کے بننے کا امکان ہے اور پاکستان اور بھارت کو خبردار کیا گیا ہے جبکہ دونوں ممالک کو احتیاطی اور بچاؤ کے اقدامات جاری رکھنے چاہئیں۔وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک سیدفخرامام نے کہاہے کہ ٹڈی دل کے جاری حملوں اوربرسات کی معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کے باوجودملک میں فوری غذائی قلت کاکوئی خطرہ نہیں، حکومت زرعی پیداوارمیں کمی کے پیش نظراگلے سال کے لئے حکمت عملی وضع کررہی ہے۔سرکاری ریڈیو کے مطابق ایک انٹر ویو میں وفاقی وزیرسید فخر امام نے کہاکہ محکمہ موسمیات نے برسات کے موسم میں معمول سے دس فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس سے خریف کی فصلیں متاثر ہوسکتی ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلیاں برسات کی روایتی بارشوں میں ہرسال تبدیلی کاسبب بن رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزارت خوراک قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے قومی ادارے کے تعاون سے فصلوں کوبارشوں ا ورسیلابوں سے بچانے کے لئے تمام ممکنہ کوششیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کاشتکاروں کے فائدے کے لئے فصلوں کی بیمہ پالیسی پر کام کررہی ہے۔ٹڈی دل کی افزائش پاکستان کے زرعی شعبے کیلئے ایک بڑاخطرہ ہے اورحکومت صوبوں کے تعاون سے احتیاطی تدابیروضع کرنے پر کام کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں