کوئٹہ پریس کلب پر تالہ بندی غیر ارادی طور پر ہوئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(صباح نیوز)پریس کلب کی بندش کے خلاف صحافیوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اسمبلی سے باہر چلے گئے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی یقین دہانی پر انہوں نے بائیکاٹ ختم کیا اوراسمبلی میں واپس چلے گئے، اس دوران بی یوجے کے صدر خلیل احمد، جنرل سیکرٹری عبدالشکور ، صدرپریس کلب عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان، سینئر صحافی شہزادہ ذولفقار، عرفان سعید، رضاالرحمان نے وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات کی جس میں سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پریس کلب کی بندش افسوسناک ہے، پریس کلب کی تالہ بندی غیرارادی طورپر ہوئی۔ صدر پریس کلب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تالہ بندی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے پریس کانفرنس کے موقع پر پریس کلب کوئٹہ پر تالہ بندی کی گئی تھی۔


