نشے کے عادی شوہر نے بیوی کو چھریاں مار کر زخمی کر دیا
ساہیوال (این این آئی)گلشن علی ہاؤسنگ کالونی میں نشہ کے عادی نے نشہ کے لیے رقم نہ دینے کی رنجش پر بیوی یاسمین کو چھریاں مار کرشدید زخمی کر دیا، زخمی خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا ہے جہاں اس کی حالت نازک ہے۔تفصیلات کے مطابق ممتاز احمد بھٹی نشہ کا عادی تھا جس نے گھر کے برتن وغیرہ چوری کر کے فروخت کر دیے اور چور چکاری کو معمول بنا لیا ۔ جس سے تنگ آ کر اس کی بیوی یاسمین اور بیٹی سجل ممتاز نے لاتعلقی اختیار کر لی۔ گزشتہ رات ساڑھے بارہ بجے ملزم ممتاز احمد بھٹی ایک عورت اور دیگر چار ساتھیوں کے ہمراہ مسلح ہو کر آ گئے اور ممتاز احمد بھٹی نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی سجل ممتاز کا ابھی نکاح کر کے گھر سے فارغ کرے گا۔ جس پر بیوی یاسمین نے احتجاج اور شور کیاتوپڑوسی اور شہری گھروں سے نکل آئے اور ہنگامہ آرائی سے ممتاز احمد بھٹی اور اس کے ساتھیوں کو روکا توملزموں نے چھریاں مار کر یاسمین کو شدید زخمی کردیا جس پر شہریوں نے ممتاز بھٹی کو چھری سمیت قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ دیگر ملزم فرار ہو گئے۔پولیس غلہ منڈی ے بیٹی سجل ممتاز کی مدعیت میں باپ ممتاز بھٹی اور چار دیگر ملزموں کے خلاف مقدمہ149, 148, 324ت پ درج کر لیا ہے اور فرار ہو نے والے ملزموں کی گرفتار کے لیے چھاپے مار رہی ہے ۔ پولیس نے ممتاز بھٹی کو حراست میں لے لیا۔


