بلوچستان میں امن و امان قائم کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، میر ضیا لانگو

قلات(یو این اے )وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ قلات میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، علاقے میں امن وامان سمیت دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے قلات کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع وزیر داخلہ کی زیرصدارت قلات میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت، امن وامان سمیت دیگر امور پر اجلاس منعقد کیا گیا،جس میں ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر، اسسٹنٹ کمشنر قلات و دیگر اعلی حکام نے شرکت کی اور بریفنگ دی اجلاس میں وزیرداخلہ بلوچستان نے انتظامیہ کو امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ نے قلات ،خالق آباد کمپلیکس اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا اور معتبرین اور عوام سے مل کر ان کے مسائل سنے۔ وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ دنوں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے دورہ قلات کے دوران خالق آباد کمپلیکس کے ترقیاتی کام کو شروع کرنے کے حکم سے علاقے کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور امید ہے کہ خالق آباد کمپلیکس جلد مکمل کر لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ان کی امنگوں پر مکمل طورپر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، علاقے کے مسائل کے حل کے حوالے سے نہ صرف صوبائی کابینہ بلکہ ایوان میں بھی آواز بلند کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ قلات سمیت صوبے بھر میں بھتہ گیری کے عمل کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں مخلوط حکومت صوبے کی ترقی و خوشحالی ،بے روزگاری کے خاتمے اور گڈکورننس کے قیام کے لئے کوشاں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں