محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خضدار کی جانب پانی کے مسائل سے متعلق کھلی کچہری
خضدار(نامہ نگار) ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای عبدالرو¿ف قمبرانی نے کہاہے کہ کھلی کچہری کا مقصد پانی کے مسائل سے براہ راست آگاہ ہو کر مسائل و تکالیف کا فوری ازالہ کرنا ہے۔ فراہمی آب ایک شہری کا بنیادی حق ہے۔ پانی کا انسانی حق ہرشخص کو ذاتی اور گھریلو استعمال کے لیے کافی، محفوظ، قابل قبول، جسمانی طور پر قابل رسائی اور سستے پانی کا حقدار بناتاہے۔لیکن بدقسمتی سے ہم پانی کو وہ قدر نہیں دے رہے ہیں، جس کا وہ حقدارہے۔حالانکہ پانی وسیلہ زندگی ہے جس کے بغیرزندگی گزارنا ممکن نہیں۔ ہمیں پانی کی افادیت اور اہمیت کو کماحقہ جاننا چاہئے ہے۔ خضدار میں جہاں بھی فراہمی آب میں تعطل ہو تو شہری فوری طور پر ہمیں آگاہ کریں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں حل کرنے کی کوشش کریں گے، میرے دفتر کے دروازے ہر خاص و عام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پانی کے مسائل پر منعقد کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ پانی شہریوں کی ضرورت اور بنیادی حق ہے تاہم پانی کا ماہانہ بل دینا، مین لائنوں سے غیرقانونی کنیکشن نہ لگانا اور پانی کو ضائع ہونے سے بچانا بھی ہر ذمہ دار شہری پر فرض ہے۔ یاد رہے کہ خضدار میں عرصے بعد محکمہ پبلک ہیلتھ کی جانب سے کھلی کچہری کا اہتمام کیاگیا، کھلی کچہری میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ عوامی حلقوں کی جانب سے پی ایچ ای کی کھلی کچہری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سراہا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ عوام سے یوں براہ راست پانی کے مسائل پر آگاہی اور فراہمی آب کے حل طلب مسائل کےلیے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کھلی کچہری میں ایکسیئن پی ایچ ای کے علاوہ ایس ڈی اوظفرزہری، انجینئرنذیرجتوئی، انجینئرنصراللہ، انجینئر منظور احمد، انجینئر ریاض احمد نے پانی سے متعلق عوام کی شکایات سنیں اور ان کے حل کےلیے اقدامات کی یقین دہائی کرائی۔


