پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والے ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے دشمن ہے، وزیر داخلہ و ترجمان بلوچستان حکومت کی مزمت
کوئٹہ( این این آئی) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے چمن میں پولیو ٹیم پر ہو نے والے حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ پولیس واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے فوری طورپر کارروائی عمل میں لائے، پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والے ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے دشمن ہے۔ پیر کو اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ انسداد پولیو کی ٹیموں پر ہونے والے حملوں میں شدت پسند عناصر ملوث رہے ہیں شدت پسند ایسی کارروائیوں سے افراتفری اور لوگوں کو ہراساں کرنا چاہتے ہیں،تمام اہلکاروں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔دوسری جانب ترجمان حکومت بلو چستان شاہد رند نے چمن میں پولیو ٹیم پر ہو نے والے حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان پر انسداد دہشت گردی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی کی جا رہی ہے ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ پولیو ٹیم پر ہو نے والے حملے میں لیویز اہلکار وں سمیت 4افراد زخمی ہوے جبکہ اس دوران ملزمان نے لیویز اہلکاروں سے اسلحہ اور انسداد پولیو مہم کی ٹیم سے ویکسین چھیننے کی کوشش کی گئی ضلعی انتظامیہ حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کررہی ہے ملزمان پر انسداد دہشت گردی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے کہا کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا احتجاج آئینی حق تاہم تشدد کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے تو ریاست قانون کے مطابق کارروائی کرے گی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کا اختیار نہیں ہے۔


