چوروں سے نجات قوم کا مقدر ہے، عمران خان وسیلہ ہیں، مرادسعید

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے رائے ونڈ اور سندھ کے چوروں سے بیک وقت قوم کی جان چھڑائی ہے، چوروں سے نجات قوم کا مقدر ہے، عمران خان وسیلہ ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے چیر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سارے چور مل کر ’احتساب سے بچنے کے لیے زور لگاؤ‘ کا نعرہ لگانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
مراد سعید نے کہا ہے کہ نیب یا نیب قانون پر نہیں، انہیں چوری اور ڈاکا زنی کے بارے میں سوالات پر اعتراض ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان کواستعمال کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو سوائے شرمندگی کے کچھ حاصل نہ ہوگا، بدعنوانوں کا کوئی اتحاد یا حزب اختلاف کی کوئی کانفرنس احتساب پر اثر انداز نہیں ہوسکتی۔مراد سعید کا کہنا تھا کہ سندھ میں ٹڈی دل فصلوں پر اور پیپلزپارٹی صوبائی وسائل پر ہاتھ صاف کرتی رہی۔
مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کے ہر بڑے مقدمے میں زرداری براہِ راست یاکسی کارندے کے ذریعے ملوث ہیں، یہاں وہاں بھاگنے سے کام نہیں چلے گا، سامنے آئیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی کردیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا حساب لیں گے اور سیاسی شرارتوں کا بھرپور جواب دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں