زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی ، بلوچستان حکومت نے وفاق سے فنڈز مانگ لیے

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی سے متعلق ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری، صوبائی وزرا اور چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت وفاقی اور صوبائی حکام نے شرکت کی، وزیراعلی سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے زمینداروں کو بجلی کی فراہمی کے لئے آف گرڈ حل دینا چاہتے ہیں۔وزیراعلی سرفراز بگٹی نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی سے بجلی چوری میں نمایاں کمی آئے گی، بلوچستان کے زمینداروں کے مسائل کے فوری حل کے لئے وفاق مطلوبہ فنڈز کا بروقت اجرا کرے، زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے بعد فیڈرز پر کیسکو کے کنکشنز کو غیر منقطع کر دیا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ شمسی توانائی پر منتقلی سے برقی نظام میں چوری کی روک تھام اور سبسڈی کی مد میں ہونے والے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، صوبائی حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ شمسی توانائی پر منتقل ہونے والے فیڈرز کیسکو کی بجلی استعمال نہ کریں۔وزیر مملکت برائے توانائی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے فیصلے سے متعلق وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کریں گے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اس اہم ایجنڈے کو پیش کرکے جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں