بجٹ میں مفاد پرسٹ طبقے کو چھوٹ دی گئی، حکومت اپنے اخراجات کم کرے، خاقان عباسی

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ’عوام پاکستان پارٹی‘ کو 6 جولائی کو لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔ نوتشکیل شدہ سیاسی جماعت کے کنوینر شاہد خاقان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین بجٹ پاس کیا گیا ہے، بجٹ میں پھر مفاد پرست ٹولے کو چھوٹ دے دی گئی ہے، حکومت کو سب سے پہلے اپنے اخراجات میں کمی کرنی چاہیے تھی۔ سیاستدان شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم کس قسم کی حکومت چلارہے ہیں، ہماری سوچ کیا ہے کہ ہم اپنے اخرجات کم نہیں کریں گے لیکن عوام پر مزید بوجھ ڈالتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ پاکستان کی تاریخ کا بدترین بجٹ ہے، یہ بجٹ عوام اور ملکی معیشت کے لیےتباہ کن ثابت ہوگا، اس بجٹ میں سارا بوجھ تنخواہ دار طبقے پر ڈال دیا گیا ہے، دودھ اور بچے کی خوراک پر بھی ٹیکس لگادیا گیا ہے، میڈیکل آلات پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ٹیکس لگانے سے پہلے حکومت کو اپنے اخراجات کم کرنے چاہیے تھے، اپنے اخراجات کم نہیں کررہے اور عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں، ان حالات میں معیشت کیسے آگے بڑھے گی، ابھی 500 ارب روپے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بانٹے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سود 1500 ارب سے 6000 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، ملکی آمدن کا 25 فیصد حکومت پر خرچ ہورہا ہے، ٹیکس کا بوجھ ان پر ڈالا گیا جو پہلے سے ہی ٹیکس ادا کر رہے ہیں، بجٹ میں پھر مفاد پراست ٹولے کو چھوٹ دے دی گئی، 30 ہزار ارب میں سے صرف 500 ارب غریبوں کے لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پاکستان پارٹی 6 جولائی کو لانچ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکڑوں ارب کے سگریٹ بنتے ہیں جس کی چوری کھلم کھلا ہورہی ہے، کیا ایف بی آر نہیں جاتنا ملک میں کتنے سگریٹ استعمال ہورہے ہیں اور کتنے پر وہ ٹیکس اکھٹا کر رہے ہیں، کیا ہم اتنے کمزور ہیں کہ سگریٹ بنانے والوں سے بھی ٹیکس اکھٹا نہیں کرسکتے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم 20 سے 22 فیصد چھوٹ پر قرضے لے کر عوام پر مزید بوجھ ڈالتے ہیں، جس ملک کا سود 6 سال میں 1500 ارب سے 10 ہزار ارب تک پہنچ جائے، آج پاکستان کا سب سے بڑا خرچہ، یہ جو تمام حکومتیں 30 ہزار ارب ملکر خرچ کریں گی، اس میں ایک تہائی یعنی 10 ہزار ارب سود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں