نیب سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال ہو رہاہے، ترجمان چویدری برادران

لاہور:پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالہی کے ترجمان نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب)کا ادارہ سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال ہو رہاہے۔نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقاتی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری برادران کے ترجمان نے کہا کہ 20سال پرانے کیس کی دوبارہ سماعت سیاسی انجینئرنگ نہیں تو اور کیا ہے؟ترجمان نے کہا کہ درخواست دینے والا نامعلوم اور دوبارہ اس معاملے کو کھولنے کی وجوہات بھی نامعلوم ہیں۔ اب معاملہ عدالت میں ہونے کے باجود میڈیا ٹرائل کی وجہ کیا ہے؟ترجمان کا کہنا ہے کہ نیب اپنے جواب میں چودھری برادران کا کوئی ایسا اثاثہ نہیں بتا سکا، جو آمدن سے زیادہ ہو۔ نیب 20 سالوں میں چودھری صاحبان کی طرف سے کسی کرپشن کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ترجمان کے مطابق نیب نے قرضے لینے اور معاف کرانے والا کیس بھی خود ہی بند کر دیا ہے۔ نیب نے تسلیم کیا کہ چودھری برادران نے کوئی غلط قرضہ نہیں لیا۔ کیسز سیاسی انجینئرنگ کیلئے بار بار کبھی بند کیے جاتے ہیں کبھی کھولے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ نیب نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ چوہدری برادران نے بھی بے نامی اکانٹس استعمال کر کے بیرون ملک سے پاکستان منی لانڈرنگ کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں