پاکستان نے تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا،تخریب کاروں کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے ، مودی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے ’’کہ پاکستان نے اپنے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور وہ تخریب کاری اور پراکسی وار کے ذریعے مقابلے میں شامل رہنے کی کوشش کر رہا ہے۔العریبیہ نیوز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کارگل کی چوٹیوں پر لڑی جانے والی لڑائی کے 25 برس مکمل ہونے کے موقع پر کارگل کے ہمالیائی ریجن میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نریندر مودی نے جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے بھارتیوں کی یادگار پر حاضری دی۔مودی 1999 میں پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے ایک مختصر فوجی تنازعے کے 25 سال مکمل ہونے پر کارگل کے ہمالیائی علاقے میں خطاب کر رہے تھے۔مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کارگل جنگ سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ریاست کے لیے دی گئی قربانی امر ہوتی ہے۔ صدیاں گزر جاتی ہیں لیکن ریاست کی حفاظت کے لیے اپنی جان کی بازی لگانے والوں کے نام ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارگل جنگ کے وقت بھارت امن کی کوششیں کر رہا تھا۔ لیکن پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اپنا چہرہ دکھایا۔ لیکن تاریخ کے سامنے تخریب کاروں کو شکست ہوئی۔بھارتی وزیرِ اعظم نے الزام عائد کیا کہ پاکستان نے ماضی میں جتنے بھی اقدامات کیے اسے منہ کی کھانی پڑی ہے۔ لیکن پاکستان نے اپنی تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا۔ وہ تخریب کاری کے سہارے اپنے آپ کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتا ہے۔بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان مئی اور جولائی 1999 کے درمیان کشمیر کے کارگل ضلع اور بعض دوسرے علاقوں میں محدود پیمانے پر جنگ لڑی گئی تھی۔کارگل کی پہاڑیوں کی برفیلی چوٹیوں پر بھارتی فوج ہر سال سازگار موسم میں قبضہ کر لیتی تھی اور سرما کی شدت کے آغاز میں انہیں چھوڑ کر میدانی علاقوں کی طرف چلی جاتی تھی۔فروری 1999ء کے اوائل میں بھارتی فوج اس علاقے میں ابھی واپس نہیں آئی تھی کہ پاکستانی فوج کی ناردرن لائٹ انفنٹری (این ایل آئی) اور پاکستان کے مطابق ’مجاہدین‘ نے ان پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس قبضے کے کافی عرصے بعد تک بھارتی افواج اور ان کی خفیہ ایجنسیاں اس صورت حال سے بے خبر رہیں۔تاہم موسم گرما میں جب انہیں اس مہم جوئی کا پتا چلا تو پھر قبضہ چھڑانے کے لیے بھارت اور پاکستان کے درمیان شدید جنگ ہوئی جس میں بھارت نے اپنی فضائیہ کو بھی استعمال کیا۔جمعے کو کارگل جنگ میں کی تقریب سے خطاب میں بھارتی وزیرِ اعظم نے کہا "آج میں اس جگہ سے بول رہا ہوں جہاں تخریب کاری کے آقاؤں کو میری آواز سیدھی سنائی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ "میں تخریب کاروں کے سرپرستوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ان کے ناپاک منصوبے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ تخریب کاروں کو ہمارے جانباز پوری طاقت سے کچلیں گے، دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں