بلوچستان میں مزید بارشوںکا امکان،ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ
اسلام آباد(صباح نیوز) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھرمیں جولائی میں معمول سے کم بارشیں ہوئی ہیں، تاہم، جولائی کے مقابلے اگست میں زیادہ بارشیں ہوں گی جس سے بلوچستان اور سندھ کے شہروں میں فلیش فلڈنگ ہوسکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی اور سندھ میں آج سے بارشوں کے سلسلے میں شدت کا امکان ہے، تین سے چار دن تک بالائی سندھ میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔ اس عرصے کے دوران بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع میں بھی تیزبارش کا امکان ہے۔ سرفراز کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بلوچستان اور سندھ بلوچستان کے تھر پہاڑی سلسلے میں تیز بارش کا امکان ہے، ڈیرہ غازیخان میں بھی مزید تیز بارشوں کا امکان ہے، بارشوں کا یہ اسپیل چھ اور سات اگست تک چلے گا۔ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جس سے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور اور سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاورم یں بھی بادل برسیں گے۔طوفانی بارشوں سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے، سندھ میں بھی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔


