سرکاری عمارتوں کو سولرائز، 2 لاکھ گھروں کو سولر سسٹم فراہم کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں 2 لاکھ گھروں کو سولر سسٹم فراہم کرنےکا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاﺅس میں سولر ہوم سسٹم کے معاہدے کی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 400 میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے، چاہتے ہیں لوگوں کو سستی بجلی فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری عمارتوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائےگا، 34 سرکاری عمارتیں سولر پر منتقل ہوچکی ہیں، سندھ سولر انرجی پراجیکٹ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا جارہا ہے، ورلڈ بینک اس پراجیکٹ پر 100 ملین ڈالر کی فنڈنگ کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو 80 فیصد سبسڈی پر سولر سسٹم ملے گا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ گھرانوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا، سولر سسٹم سے ایک پنکھا اور تین بلب جلائے جاسکیں گے، کوشش ہے کہ سیلاب متاثرین کے 20 لاکھ گھرانوں کو بھی سولر سسٹم دیں۔ انہوں نے کہا کہ تین کمپنیاں اس سسٹم پر کام کر رہی ہیں، تمام کمپنیوں کے شرکا کا خیرمقدم کرتا ہوں، اس وقت بجلی کا بحران زیادہ ہے، گرین پاور پلانٹ سے لوگوں کو سستی بجلی فراہم کریں گے۔


