ڈاکٹر ماہ نور جیسی بہادر بیٹی پر فخر ہے، بیرون ملک علاج کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، گورنر بلوچستان کی والد کو پیشکش
کوئٹہ (آئی این پی) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے والد حبیب اللہ خان ناصر کو ٹیلی فون کیا، جن پر حال ہی میں تیزاب گردی کا ایک المناک حملہ کیا گیا اور وہ اس وقت کراچی میں زیر علاج ہیں۔ ٹیلیفونک رابطہ کے دوران گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے متاثرہ خاندان کے ساتھ گہرے دکھ اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ نور کے خصوصی علاج اور پلاسٹک سرجری کا بیرون ملک بندوبست کرنے کی پیشکش کی۔ ہم سب ڈاکٹر ماہ نور کے دکھ اور تکلیف میں برابر کے شریک ہیں۔ پوری قوم کو ڈاکٹر ماہ نور جیسی بہادر بیٹی پر فخر ہے، بلوچستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے مذکورہ غمزدہ خاندان کو زخمی لیڈی ڈاکٹر کی بہترین طبی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم ڈاکٹر ماہ نور کو اپنی اولاد سے ہرگز کم نہیں سمجھتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت ان کے علاج سے متعلق تمام اخراجات برداشت کر رہی ہے اور روز اول سے ان کے علاج و معالجہ اور صحتیابی کیلئے پرعزم ہے۔ صوبہ کے تمام صحت کے مراکز میں مسیحاﺅں کے حوالے سے گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہم تمام دستیاب وسائل صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹرز اینڈ پیرامیڈیکل اسٹاف کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں ہمارے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر انسانی ہمدردی اور لگن کے ساتھ دن رات خدمت کر رہے ہیں۔


