پاکستان کو فلڈ ریلیف اور بحالی کیلئے 215 ملین ڈالرز فراہم کئے،ترجمان امریکی سفارتخانہ
اسلام آباد :ترجمان امریکی سفارتخانہ جوناتھن لالی نے کہا ہے کہ 2022 کے سیلاب نے لاکھوں پاکستانیوں کی زندگی کو متاثر کیا، امریکہ نے فلڈ ریلیف اور بحالی کے لئے 215 ملین ڈالرز فراہم کئے ۔ایک بیان میں جوناتھن لالی نے کہا ہے کہ 100 ملین ڈالرز غذائی قلت سے نمٹنے کے لئے دیئے گئے، لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیاں غذائی قلت کے باعث خطرے سے دو چار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلیف پروگرام کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام سے مل کر کام کیا گیا، ایک لاکھ 35 ہزار بچوں کو ایمرجنسی غذائی ریلیف فراہم کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ 74 ہزار سے زائد حاملہ خواتین کی دیکھ بھال کی گئی، صحت کی سہولتوں کے لیے بلوچستان اور سندھ میں 12 نیوٹریشن مراکز قائم کئے گئے، رواں سال امریکی سفیر نے مزید 486 ٹن فوڈ 39 ہزار بچوں کے لئے فراہم کیا۔ جوناتھن لالی نے کہا کہ مجموعی طور پر 3 لاکھ 17 ہزار خواتین اور بچوں کو مدد فراہم کی گئی، امریکہ اس اہم معاملے پر پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔


