ملک دشمنوں کےساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردی کو ختم کرنےکا وقت آپہنچا، شہباز شریف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان اور چین میں فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں، ملک دشمنوں کےساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردی کو ختم کرنےکا وقت آپہنچا۔شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں تخریب کاری کے واقعات میں متعدد شہری اور اہلکار جاں بحق ہوئے، خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں پاکستانی شہری قتل ہوئے، یہ کالعدم تحریک طالبان کے وہ دہشت گرد ہیں جو افغانستان سے کارروائیاں کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے افغانستان کو اس سلسلے میں نہ صرف آگاہ کیا گیا بلکہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں بھی کی گئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک دشمنوں کےساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گرد پاکستان اور چین میں فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اس دہشت گردی کو ختم کرنےکا وقت آپہنچا، اس سلسلے میں دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی، اس سلسلے میں تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے۔انہوں نے کہ آرمی چیف، سپاہیوں کا دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم ہے کہ ہرصورت دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، اس پر پوری قوم یکسو ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان میں خلفشار پیدا کرنا چاہتےہیں، وہ چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں اس کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں رخنہ ڈالا جائے، بہت جلد بلوچستان کادورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا، صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کر اقدامات کر رہے ہیں، ہمیں دشمن کے مذموم عزائم کو پہچاننا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنےدشمنوں کو پہچاننا ہوگا، کسی قسم کی کمزوری اور ضعف کا سوال نہیں پیدا ہوتا، بلوچستان میں جو لوگ پاکستان کے آئین، اس کے جھنڈے کو تسلیم کرتے ہیں، ان کے ساتھ بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، لیکن جو اس آڑ میں دوست نما دشمن ہیں، ان کے ساتھ نہ کوئی بات ہوسکتی ہے، نہ ان کے ساتھ کسی قسم کا نرم رویہ اختیار کیا جا سکتا ہے، یہ واضح پیغام ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہوسکتی، کل کے واقعات سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، ہم ان مشکلات کو عبور کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں