پسماندہ علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک اہم چیلنج ہے، جعفر مندوخیل

کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ قلیل لیکن بکھری ہوئی آبادی کی وجہ سے بلوچستان جیسے پسماندہ علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک اہم چیلنج ہے۔ انہوں نے صوبے کے تمام مخیر حضرات اور بزنس کمیونٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ دورافتادہ اضلاع میں صحت کے مراکز کے قیام اور صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانے میں بھرپور حصہ ڈالیں اور صحت، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر کلیم اللہ ہیلتھ فاونڈیشن ہسپتال کے زیر اہتمام تقریب بعنوان "معاشرہ کے غریب اور نادار لوگوں کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی” کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی مشیر نسیم الرحمن، صوبائی سیکرٹری تعلیم حفیظ طاہر، چیرمین فاونڈیشن ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ ، ڈاکٹر حقداد ترین، سید ادو آغا، ایوان صنعت و تجارت کے صدر ایوب مریانی، ڈاکٹروں اور پیرامیڈکل اسٹاف سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اگر ہمارے معاشرہ میں ہر ڈاکٹر ہفتے میں ایک دن بھی غریب لوگوں کو مفت طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے وقف کرتا ہے، تو اس سے مجموعی طور پر معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہو جائیں گے. انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع میں ہمارے ڈاکٹر حضرات اور پیرامیڈکل اسٹاف اپنے دیانتداری سے ادا کریں. قبل ازیں گورنر بلوچستان نے ڈاکٹر کلیم اللہ ہیلتھ فاونڈیشن ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور فاونڈیشن کے احاطے میں آئی سی یو کا افتتاح کیا. گورنر نے فاونڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں