پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم برداشت 16 نومبر کومنایا جائے گا
مکوآنہ ( این این آئی )پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم برداشت 16نومبر کومنایا جائے گا اس دن کے منانے کا مقصدمعاشرے میں برداشت ،صبرو تحمل کی اہمیت اورعدم برداشت کے معاشرے پر رونما ہونے والے منفی اثرات سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔اس دن کے حوالے سے فیصل آباد سمیت دنیا بھر میں سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مباحثے ،مذاکرات اور دیگرتقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مقررین عوام کوعزیز رشتہ داروں اور جاننے والوں کے حقوق اور ان کے احترام کے متعلق شعور و آگاہی فراہم کریں گے جبکہ معاشرے میں پائی جانے والی عدم برداشت،ظلم و ناانصافی،امتیازی سلوک اور منفی تنقیدسے معاشرے پر مرتب ہونے والے منفی اثرات اور مختلف تہذیبوں کے مابین برداشت ،رواداری،باہمی گفت و شنید اور احترام آدمیت کے متعلق بھی تفصیل سے روشنی ڈالی جائے گی۔عالمی یوم برداشت اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جس کی منظوری جنرل اسمبلی نے 16نومبر1996ء کو دی عالمی یوم برداشت پہلی مرتبہ 2005ءمیں منایا گیا ۔


