حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے،ظہور بلیدی

تربت(نمائندہ انتخاب) صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی،عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے، بلیدہ تربت سڑک، بلیدہ ماڈل ٹاؤن سمیت دیگر منصوبوں پر 3ارب روپے سے زائد خرچ کئے جارہے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز بلیدہ کے دورے کے دوران کیا، دورے میں رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشیددشتی،کمشنر مکران طارق قمر، ڈی ایچ اوکیچ ڈاکٹررحیم بلیدی، پروجیکٹ ڈائریکٹرمنظوربلوچ ودیگر سرکاری افسران ان کے ہمراہ تھے،اس دوران انہوں نے بلیدہ کے مختلف علاقوں میں مختلف سرکاری اسکیموں کے سائٹ کا دورہ کیا اور وہاں پر زیر تعمیر کاموں کا معائنہ کیا انہوں نے اپنے دورہ بلیدہ کے پہلے مرحلے میں تقریبا 1 ارب 50 کروڑ کی لاگت سے زیر تعمیر تربت بلیدہ شاہراہ کا دورہ کیا اور وہاں پر زیر تعمیر شاہراہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اس دوران انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ تربت بلیدہ روڈ ضلع کیچ کا ایک انتہائی اہم شاہراہ ہے جو تربت شہر کو تحصیل بلیدہ کے مختلف دیہاتوں سے منسلک کرے گا جس کے نتیجے میں تربت سے بلیدہ کا فاصلہ ایک گھنٹہ سے بھی کم وقت میں طے کیا جاسکے گا جس سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں گی انہوں نے متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کام کی سختی سے نگرانی کریں اور کام کے معیار کے بارے میں کسی بھی طریقے سے سمجھوتہ نہ کیا جائے، اس دوران انہیں تعمیراتی کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ تربت بلیدہ شاہراہ پر زیادہ تر چڑھائیوں کی کٹائی کا کام تقریباً مکمل کیا گیا ہے جبکہ باقی چڑھائیوں کی کٹائی کا کام ستمبر کے آخر تک مکمل کیا جائے گا جس کے بعد پلوں کی تعمیر مکمل کیا جائے گا جبکہ آخر میں روڈ کی کارپٹنگ مکمل کی جائے گی، اپنے دورہ کے دوسرے مرحلے میں صوبائی وزیر خزانہ نے 1 ارب 50کروڑ روپے کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والے بلیدہ ماڈل ٹاؤن کے پروجیکٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا جس میں سرکاری اداروں کے اہلکاروں کے کیلئے آفس کمپلیکس، بیچلر لاجز، میڈیکل سینٹر، سڑکیں اور واٹر سپلائی اسکیمیں شامل ہیں، اس منصوبے کے تحت بلیدہ شہر کے مختلف دیہاتوں آپس میں منسلک کیا جائے گا اور سڑکوں کو توسیع دیکر انکے کنارے لوگوں کی سہولیات کیلئے مختلف تجارتی مارکیٹیں تعمیر کئے جائیں گے اس دوران وزیر خزانہ نے بلیدہ شہر کے اندرونی علاقوں کا پیدل دورہ بھی کیا اور وہاں پر موجود عوام سے حال احوال کیا اور ان کے مسائل بھی سنے، علاوہ ازیں انہوں نے بلیدہ میں آر ایچ سی کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر موجود ڈاکٹروں سے ہسپتال کی ضروریات کے بارے میں دریافت کیا، اس دوران انہوں نے آر ایچ سی بلیدہ کے لیے فرنیچر اور ضروری سازوسامان کی فراہمی کا بھی اعلان کیا، آخر میں صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے بلیدہ میں میناز کے مقام پر عوامی اجتماع سے خطاب کیا اور ان کو رواں مالی سال میں صوبائی حکومت کی جانب سے بلیدہ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہی بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں