توشہ خانہ 2 کیس ،عمران خان کے مچلکے منظور، رہائی کی روبکار جاری
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)اسپیشل جج سینٹرل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران کان کے توشہ خانہ 2 کیس میں ضمانتی مچلکے منظور کرلیے اور سابق وزیراعظم کی رہائی کی روبکار جاری کردی۔توشہ خانہ 2 کیس میں ضمانت ملنے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی، روبکار اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کی۔عدالتی روبکار میں لکھا کہ عمران خان کی ضمانت اسلام آباد ہائیکورٹ سے منظور ہوچکی ہے، اگر وہ کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں رہائی دی جائے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے طارق نون اور راجہ غلام سجاد نے دیے۔واضح رہے کہ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرلی تھی۔سابق وزیراعظم کی توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی تھی۔عدالت عالیہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت دی گئی تھی۔