سکھ برادری کا بھارتی وزیر خارجہ کی امریکہ آمد پر شدید احتجاج

واشنگٹن(صباح نیوز) امریکی محکمہ خارجہ اور بھارتی سفارتخانے کے باہر خالصتان حامیوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور بھارتی وزیر خارجہ کی آمد پر نعرے بازی کی گئی۔سکھ برادری کے رہنمائوں نے بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی واشنگٹن آمد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔تحریک خالصتان کے حامی مظاہرین نے بھارت کے وزیر خارجہ کی ملاقات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بھارتی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ واشنگٹن میں کئے گئے احتجاج میں مظاہرین نے بھارتی پرچم پر تلواروں سے حملہ کر کے شدید غصے کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر بخشش سنگھ سندھو نے کہا کہ ایس جے شنکر بھارت میں سکھوں کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں۔سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ عالمی سطح پر سکھوں کے قتل کی حمایت کر رہا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ میں ایس جے شنکر کی ملاقات کے بعد خالصتان کے حامیوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی حکومت کے اقدامات کی شدید مذمت کی۔ احتجاج میں شریک سکھ رہنمائوں نے کہا کہ جے شنکر بھارت کی عالمی جاسوسی نیٹ ورک کو چلا رہے ہیں۔خالصتان کے حامیوں نے مودی کی پالیسیوں اور بھارت کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے سکھوں کے خلاف شرانگیزی اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر پابندیاں عائد کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں