پاکستان کبھی امریکا کاٹیکنیکل اتحادی نہیں رہا، نہ ہی دونوں ملکوں کے درمیان اتحاد کا کوئی معاہدہ ہوا، جان کربی
واشنگٹن (آئی این پی)امریکی صدر جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی امریکا کا اتحادی نہیں رہا،نہ ہی دونوں ملکوں کے درمیان اتحاد کا کوئی معاہدہ ہوا۔امریکی نیشنل سیکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے واشنگٹن میں بائیڈن انتظامیہ کی خارجہ پالیسی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان اورامریکا شراکت دار رہے ہیں،دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کیلیے جوپاک افغان بارڈرپر اب بھی موجود ہے، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستانی عوام آج بھی دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی ہوتی ہے،پاکستانی عوام اب بھی دہشت گردی سے متاثر ہے، ہم اپنے دوراقتدار کے دوران پاکستان کیساتھ مل کرمشترکہ چیلنجزسے نمٹنے کیلیے پرعزم رہے یہ پالیسی تبدیل نہیں ہوئی اور نہ یہ تبدیل ہوگی۔بائیڈن انتظامیہ کے مشرق وسطی میں امن قائم کرنے میں ناکامی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے جان کربی نے کہا کہ اگر اسرائیل اور حماس میں معاہدہ ہوتا ہے تو یہ وہ ہوگا، جس کی کوشش بائیڈن انتظامیہ نے کی۔