چیمپئنز ٹرافی، جنوبی افریقہ کو شکست، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

مانیٹرنگ ڈیسک : آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، میگا ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو دبئی میں نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راچن رویندرا اور کین ولیمسن کی شاندار سینچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملر کے علاوہ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکے، پروٹیز نے ڈیوڈ ملر کی سینچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنائے۔خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل بنانے کا ریکارڈ تیسری بار ٹوٹا ہے۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں چیمپئنز ٹرافی کا 21 سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹا تھا جب انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 352 رنز کا ہدف دیا، تاہم آسٹریلیا نے اسی میچ میں یہ ہدف حاصل کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا تھا۔