چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا جس میں حیران کن طور پر سیمی فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں سے بھی کسی کھلاڑی کو نہیں لیا گیا۔آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم میں چیمپئنز ٹرافی میں شامل 8 ٹیموں میں سے صرف 3 ٹیموں کے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا۔چیمپئنز ٹرافی 2025 کی 12 رکنی ٹیم آف میں بھارت کے 6، نیوزی لینڈ کے 4 اور افغانستان کے 2 کھلاڑی شامل ہیں۔حیران کن طور پر، ٹورنامنٹ کی دونوں سیمی فائنلسٹ ٹیموں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سے بھی کسی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا اور نہ ہی میزبان ملک پاکستان کے کسی کھلاڑی کو 12 رکنی ٹیم میں رکھا گیا۔چیمپئنز ٹرافی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھارت کے ویرات کوہلی، شر یاس ایئر، کے ایل راہل، محمد شامی اور ورون چکرورتی کو شامل کیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا، گلین فلپس، مچل سینٹنر اور میٹ ہینری بھی آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔علاوہ ازیں، چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے افغانستان کے اوپننگ بلے باز ابراہیم زدران اور عظمت اللہ عمرزئی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔بھارت کو تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل دلوانے والے اور فائنل میں مین آف دی میچ رہنے والے کپتان روہت شرما بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جب کہ اکشر پٹیل کو 12واں کھلاڑی منتخب کیا گیا ہے۔