خضدار، مویشیوں میں بیماری کا حملہ، محکمہ لائیو اسٹاک نے تصدیق کردی

خضدار (بیورو رپورٹ) خضدار مویشیوں پرلمپی اسکن کی بیماری حملہ آور ہونے کے بارے میں محکمہ لائیو اسٹاک بلوچستان نے الرٹ جاری کردیا۔ سندھ کے علاقوں مورو اور نوشہرو فیروز میں لمپی اسکن کے متعدد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں یہ بیماری جانوروں کیلئے بہت خطرناک ہے محکمہ لائیو اسٹاک نے تصدیق کردی۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو اسٹاک خضدار ڈاکٹر محمد انور زہری نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسرنے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک بلوچستان نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے بیوپاریوں اور مالداروں کو خبردار کردیا ہے کہ وہ سندھ سے مویشیوں کا کاروبار کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2022-23 کے دوران لمپی اسکن کے باعث سندھ اور گردونواح میں ہزاروں جانورہلاک ہوئے، اب یہ دوبارہ تیزی سے پھیل رہا ہے، بیوپاریوں اور مالداری شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کو احتیاط کرنا لازمی ہوگی۔ ڈاکٹر محمد انور زہری نے مزید کہا کہ ڈی جی لائیو اسٹاک بلوچستان نے تمام حکام کو خبردار کیا ہے کہ فوری طور پر سندھ سے آنیوالے جانوروں کی نقل وحرکت پراحتیاط برتی جائے۔ محکمہ لائیو اسٹاک کے عملے کوالرٹ کردیا گیا ہے۔ تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔