پنجاب ایک جماعت کی جاگیر والا تاثر ختم کرنا ہوگا، شرجیل میمن / مریم کے طرز حکومت کے سندھ کے لوگ بھی دیوانے ہیں، عظمیٰ بخاری
ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر ہے۔کراچی سے جاری بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ اور سیاسی حق تلفیوں پرمبنی ہے، ن لیگ پنجاب کے مینڈیٹ کی داعی ہے تو بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرواتی۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیرہے، پنجاب میں بلدیاتی نظام کی بحالی، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی عوام کا حق ہے۔شرجیل میمن نے استفسار کیا کہ پی پی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، اس نے بلدیاتی اداروں کی بات کی تو کیا غلط کہا؟دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر اور وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں اور انہوں نے عاجزی اور خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا۔ڈان نیوز کے مطابق سینئر وزیر اور وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی عاجزی اور انکساری ہی ان کی مقبولیت کی وجہ ہے، مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں اور انہوں نے عاجزی اور خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے طرز حکومت کے سندھ کے لوگ بھی دیوانے ہیں، یہی آپ کا اصل مسئلہ ہے، متکبر اور غرور سے بھرے وہ لوگ ہیں جو دو تین ٹرم سے اقتدار انجوائے کر رہے ہیں مگر اتنی باریوں کے بعد بھی کارکردگی زیرو ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، جلنے کڑھنے اور بیان بازی کا کوئی فائدہ نہیں، آپ کے بقول سندھ میں آپ اچھا سسٹم لے آئے ہیں، چلیں شاباش اب کراچی کا کوڑا بھی اٹھا لیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کی فکر کرنے کے لیے پنجاب کے وارث موجود ہیں، سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو سندھیوں کے حال پر رحم کرنا چاہیے۔


