چائلڈ رائٹس موومنٹ کو بلوچستان میں بچوں کے حقوق کی موثر آواز کے طور پر مضبوط کیا جائے گا، میر بہرام لہڑی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) چائلڈ رائٹس موومنٹ (CRM) بلوچستان کا اہم اجلاس، AID بلوچستان آئندہ دو سال کے لیے سیکرٹریٹ منتخب۔ چائلڈ رائٹس موومنٹ (CRM) بلوچستان کا ماہانہ اجلاس آج AID بلوچستان کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں 19 اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد CRM کو ازسرنو فعال کرنا اور مستقبل کے لیے اس کی حکمت عملی طے کرنا تھا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد شرکا کا تعارف کرایا گیا۔ میٹنگ کی صدارت CRM کے سینئر رہنما میر بہرام لہڑی نے کی، جنہوں نے CRM کی تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ موومنٹ بلوچستان کے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک طاقتور آواز رہی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس تاریخ کو دوبارہ زندہ کریں۔ اجلاس کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر EYES، محمد سمیع شارق نے AID بلوچستان کو آئندہ دو سال کے لیے CRM بلوچستان کے سیکرٹریٹ کے طور پر نامزد کرنے کی قرارداد پیش کی، جسے تمام اراکین نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ ایڈ بلوچستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل جہانگیر نے شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم CRM کو ایک فعال، موثر اور منظم پلیٹ فارم بنائیں جو بلوچستان کے بچوں کی آواز بن سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی میر بہرام بلوچ نے سابقہ کوآرڈینیٹر ایڈووکیٹ عبدالحئی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود CRM کے ایجنڈے کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھایا۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اسے اگلے مرحلے تک لے جائیں۔ دیگر مقررین میں زلیخا رئیسانی، امتیاز احمد، وطن یار خلجی، سعید کھوڑو، شگفتہ خان سمیت کئی نمایاں شخصیات شامل تھیں، جنہوں نے AID بلوچستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں ترقی فاﺅنڈیشن، BWSEC، عورت فاﺅنڈیشن، اقبال مسیح فاﺅنڈیشن، PWD، وی فاﺅنڈیشن، یوتھ اور دیگر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی اور مشترکہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ CRM کو بلوچستان میں بچوں کے حقوق کے ایک موثر آواز کے طور پر مضبوط کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں