خضدار لیویز کی کارروائی، سندھ سے اغوا بچی باغبانہ سے بازیاب، ملزم گرفتار
خضدار (آن لائن) خضدار لیویز فورس کی بڑی کاروائی سندھ حالہ سے اغوا شدہ بچی باغبانہ سے بازیاب، ملزم گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق لیویز فورس نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے سندھ حالہ سے اغوا شدہ بارہ سالہ بچی کو باغبانہ سے بازیاب کروا لیا کاروائی لیویز لائن آفیسر نور زہری کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی اور اسسٹنٹ کمشنر حفیظ اللہ کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر کی گئی۔ لیویز سی آئی اے کی مدد سے ڈسٹرکٹ انچارج خلیل احمد لیویز لائن آفیسر نورزہری کی سربراہی میں محرر ریاض احمد لیویز انچارج باغبانہ محمد ابراھیم و دیگر لیویز جوانوں نے باغبانہ میں چھاپہ مار کاروائی کے دوران بچی نور جہاں دختر سدھیر کو بازیاب کیا گیا جبکہ ملزم غلام رسول ولد داد محمد سکنہ رادانی باغبانہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر بچی سے زبردستی شادی کر رکھی تھی۔ بازیاب ہونے والی بچی نے بتایا کہ اسے زبردستی باغبانہ لایا گیا اور اس پر تشدد بھی کیا جاتا رہا۔ گرفتار ملزم کو لیویز حوالات منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ لیویز لائن آفیسر نور زہری کا کہنا تھا کہ لیویز فورس ہر ظلم کے خلاف کاروائی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دن رات سرگرم ہے،ڈپٹی کمشنر خضدار و اسسٹنٹ کمشنر خضدار نے لیویز فورس کی اس جرات مندانہ کاروائی پر لیویز ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیویز نے ہمیشہ عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے عوام کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں۔لیویز فورس ظلم و جبر کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ہے اور ان کی بہادری قابلِ تعریف ہے۔


