محرومیوں کی بنیاد پر ریاست کیخلاف بندوق اٹھانا کسی صورت قابل قبول نہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی طلبہ سے گفتگو، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، تاہم مواقع کے فقدان کا سامنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے کی پہلی یوتھ پالیسی متعارف کرائی ہے اور نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہترین مواقع دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے صوبے کا پہلا وومن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے اور خواتین کو کلیدی انتظامی عہدوں پر فائز کیا ہے کیونکہ کسی معاشرے کی ترقی خواتین کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال کے دوران 3200 غیر فعال اسکول کھول دیے گئے ہیں اور رواں سال دسمبر تک صوبے میں کوئی غیر فعال اسکول باقی نہیں رہے گا جبکہ 16 ہزار اساتذہ کی میرٹ پر تعیناتی مکمل ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محرومیوں کی بنیاد پر ریاست کے خلاف بندوق اٹھانا کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے مگر بے گناہوں کے خون سے رنگے ہاتھ قانون کی گرفت میں رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو بلوچستان کی تاریخ سے آگاہی دینا ضروری ہے تاکہ اصل محرکات سامنے آئیں اور سوشل میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں