تائیوان میں سپر طوفا ن راگاسا سے 14 افراد ہلاک، متعدد لاپتا، کلکتہ میں شدید بارش سے 10 افراد جاں بحق

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) تائیوان میں سپر طوفان ’راگاسا‘ کے پیش نظر ہونے و الی شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سپر طوفان ’راگاسا کے تحت تائیوان میں شدید بارشیں اور سیلاب کی صورتحا ل ہے۔ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 14 ہوگئی اور 124 افراد لا پتا ہیں۔ تائیوان کے مشرقی علاقے ہوالین کاﺅنٹی میں جھیل سے پانی کا اخراج ہوگیا جس سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا اور مکانات کونقصان پہنچا۔ دوسری جانب بھارتی شہر کلکتہ میں شدید بارشوں سے بارش کا 39 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ اور اطراف کے علاقوں میں گزشتہ روز شدید بارش ہوئی جس نے بارش کا 39 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کلکتہ شہر اور اطراف میں 251 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور آخری مرتبہ اس طرح کی بارش سال 1986 میں ہوئی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شدید بارش کے بعد شہر مفلوج ہے، تعلیمی ادارے 2 روز کے لیے بند کردیے گئے ہیں، سڑکیں زیرآب آگئیں، شہری ٹرانسپورٹ نظام اور ریلوے سروس متاثر ہے جب کہ کئی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے بعد ہونے والے حادثات میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے 8 لوگوں کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں