ٹریفک حادثات، خانوزئی میں 4 ، پنجگور میں 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) خانوزئی میں بس اور کار میں تصادم کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ علاوہ ازی پنجگور کے علاقے زم زمہ ہوٹل کے قریب بس اور زمباد پک اپ گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے زم زمہ ہوٹل کے قریب سی پیک روڈ پر بس اور زمباد پک اپ گاڑی میں تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس سے آٹھ افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد میں پک اپ گاڑی میں سوار دو بھائی بھی شامل ہیں، جاں بحق افراد میں جمیل احمد ولد عبداللہ، عنایت اللہ ولد عبداللہ، عادل ولد احمد خان، سلیمان ولد علی دوست، محمد عالم ولد ولی محمد، عامر ولد علی نواز، عبدالرازق ولد عبدالسلام، فہد ولد عبدالسلام زنڈین داز پنجگور شامل ہیں جبکہ راہگیر موٹر سائیکل سوار سدیس ولد زاہد حسین گرمکان زخمی ہوگیا۔ حادثہ کے فوراً بعد لیویز فورس گومازن کے انچارچ نے فوری طور پر 1122 کو اطلاع دی 1122 اور لیویز فورس نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال پنجگور منتقل کردیا، شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔


