لوگوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے آگاہی پھیلانا ناگزیر ہوچکا ہے، صحافیوں اورسماجی رہنماوں کا آگاہی سیشن سے خطاب
کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سینئرصحافیوں اورسماجی رہنماوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے درخت لگانے اورماحول دوست پالیسی اختیارکرنے پرزوردیتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے، درختوں کے بے دریغ کٹائی کی وجہ سے ماحول متاثرہورہاہے جس کی وجہ سے کرہ ارض پرانسان اوردیگرجانداروں کی زندگیوں کوخطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کااظہارسینئرصحافی سلیم شاہد، کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکریٹری ایوب ترین، ظفربلوچ، میربہرام بلوچ، زین خان ودیگر نے سماجی تنظیم آئیز(EYES)کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب میں نوجوان صحافیوں کے لئے وائی لیڈ (یوتھ لیڈرشپ فار انوائرمنٹ ایڈووکیسی اینڈ ڈیولپمنٹ) کے عنوان سے منعقدہ آگاہی سیشن کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔آگاہی سیشن میں الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیاسے منسلک صحافی شریک تھے۔اس موقع پرسینئرصحافی سلیم شاہد نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک بہت بڑامسئلہ ہے اورہمیں اس حوالے سے ذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا، انہوں نے کہا کہ صحافی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیق کرکے حقائق پرمبنی رپورٹنگ کرکے لوگوں کومعلومات فراہم کرے تاکہ وہ اپنی ذمہ داری کونبھائیں۔اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکریٹری ایوب ترین نے وائی لیڈ کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے صحافیوں کو درپیش مسائل، ماحولیاتی تبدیلی پر آگاہی پیدا کرنے میں صحافت کی ذمہ داری اور اس سلسلے میں صحافت کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں اب تک تقریباً 13.3 ارب درخت کاٹے جا چکے ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں صرف 3 ارب نئے درخت لگائے گئے ہیں جو تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ماحولیاتی تبدیلی صرف ایک ملک یاریجن کانہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے اس سے نمٹنے کیلئے لوگوں میں آگاہی پھیلاناضروری ہے، انہوں نے کہا کہ دنیاکے ترقی یافتہ ممالک نے پلاسٹک اوراس سے بننے والی مصنوعات کے استعمال کرترک کیاہے مگرہم اپنی روزمرہ زندگی میں پلاسٹک کے تھیلوں کابے دریغ استعمال کرکے ماحول کومزیدخراب کررہے ہیں، صوبائی حکومت اورسماجی تنظیمیں اس حوالے سے کام کررہے ہیں ہمیں پلاسٹک کے تھیلے کااستعمال کم کرکے اس کے متبادل ماحول دوست بیگ استعمال کرنے کے رواج کوعام کرناہوگا۔کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکریٹری ایوب ترین نے کہا کہ صحافی اپنی روزمرہ ندگی میں مختلف مسائل اورامورکے حوالے سے رپورٹنگ کرتے ہیں اورہمیں بے پناہ مشکلات درپیش ہیں تاہم ماحولیات کوبھولناممکن نہیں ہے، انہوں نے آئیزکی جانب سے آگاہی سیشن کے انعقادکوسراہتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اس طرح کے تقریبات منعقدکرکے صحافیوں کوبھی معلومات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنے کام میں ماحولیات کوشامل کریں۔


