حب، علی حسن زہری کے منیجر کی مدعیت میں صحافی فرحان ملک سمیت دیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءصوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے اپنے نمائندے کے توسط سے سوشل میڈیاپر پروگرام نشر کرنے کے خلاف صحافی فرحان ملک سمیت دیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروادیا ۔ حب کے بیروٹ تھانہ میں میر علی حسن زہری کے اٹارنی/منیجر علی اصغر زہری کی مدعیت میں سید ممتاز عالم غازی، صحافی فرحان ملک، صحافی اسامہ الطاف، آباد کے چیئرمین حسن بخشی،رٹائرڈ ایس ایس پی راو¿ انوار،سید کاظم رضوی ، فرید دلاری کے خلاف پیکا ایکٹ کی چار مختلف دفعات کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے علی حسن زہری کے خلاف جعلی میڈیا کمپین شروع کی ہے جس میں انہیں لینڈ گریبر ظاہر کیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پروگرام میں میر علی حسن زہری کے خلاف ہتک آمیز مواد نشر کیا گیا ۔ 19ستمبر 2025کو یو ٹیوب کے پروگرام "سسٹم” کے ذریعے ملزمان نے منتخب نمائندے کے خلاف میڈیا کمپین چلائی، جو کہ سنگین جرم ہے لہذا ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔پولیس نے مقدمہ درج مزید تحقیقات شروع کردی ہیں ۔


