میر علی میں فورسز کے کیمپ پر خود کش حملہ آور سمیت 4 دہشتگرد، دتہ خیل میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 6 ہلاک

پشاور (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ ناکام بنادیا گیا، خودکش حملہ آور سمیت 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ دتہ خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق میر علی میں دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز پر خودکش حملے کی کوشش کی، ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی فورسز کے کیمپ کی دیوار سے ٹکرائی جو دھماکے سے پھٹ گئی، جبکہ 3 مزید دہشتگردوں نے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق بروقت کارروائی میں تینوں دہشتگردوں کو کیمپ کے باہر ہی ہلاک کر دیا گیا، واقعے میں سیکورٹی فورسز کا کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ٹنگ کلی (دتہ خیل) میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کمانڈر سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کو مضافاتی علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں، جس پر 8 سے 10 روز تک علاقے کی بھرپور نگرانی کی گئی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق 16 اکتوبر کو فورسز نے ان دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کردیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کمانڈر محبوب عرف محمد بھی شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں